یمن

سعودی عرب صیہونی حکومت کے محاذ میں شامل ہے

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب صیہونی حکومت کے محاذ میں شامل ہو گیا ہے۔

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا کہ آل سعود حکومت پوری طرح سے صیہونی حکومت کے محاذ میں شامل ہے اور وہ یمن میں ایک پٹھو حکومت برسراقتدار لانا چاہتی ہے-

انصاراللہ کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ یمن میں ایک ایسی حکومت برسراقتدار لائی جائے جو آل سعود کی مکمل تابع ہو اور سعودی عرب و امریکا کی ہی پالیسیوں پر عمل کرے-

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے سعودی ولیعہد اور وزیر دفاع محمد بن سلمان کے حالیہ بیان کے جواب میں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سعودی عرب نہیں چاہتا کہ یمن میں بھی ایک حزب اللہ تشکیل پا جائے، کہا کہ سعودی ولیعہد کا یہ بیان صاف ظاہر کرتا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے محاذ میں شامل ہو گیا ہے-

واضح رہے کہ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کے حملے بدستور جاری رہیں گے-

سعودی ولیعہد نے دعوی کیا کہ یمن پر حملے اس لئے جاری رہیں گے تاکہ یمن میں بھی ایک اور حزب اللہ تشکیل نہ پا سکے- سعودی ولیعہد محمد بن سلمان نے علاقے میں انصاراللہ کی بڑھتی ہوئی طاقت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے خیال میں دعوی کیا کہ یمن، لبنان سے بھی زیادہ خطرناک ہے-

سعودی ولیعہد نے کہا کہ حزب اللہ اس وقت لبنان اور شام میں ایران کی حمایت یافتہ ایک طاقتور فورس ہے-

سعودی ولیعہد کا کہنا تھا کہ یمن کی جغرافیائی پوزیشن بہت ہی اہم اور آبنائے باب المندب اس کی مکمل دسترس میں ہے اور اگر اس علاقے میں کوئی بھی واقعہ پیش آ جاتا ہے تو دنیا کی دس فیصد تجارت رک جائے گی-

یاد رہے کہ سعودی عرب مارچ دو ہزار پندرہ سے امریکا، متحدہ عرب امارات اور کئی دیگر ملکوں کی حمایت سے یمن پر وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور ساتھ ہی اس نے یمن کا ہر طرف سے محاصرہ بھی کر رکھا ہے-

یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیتوں اور حملوں میں اب تک دسیوں ہزار بے گناہ یمنی شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے-

متعلقہ مضامین

Back to top button