کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کا غزہ کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ
شیعیت نیوز: کراچی میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے زیرِ اہتمام جامع مسجد کھارا دار کے سامنے غزہ کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ نمازِ جمعہ کے بعد ہونے والے اس احتجاج میں علمائے کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی، مولانا مبشر حسن اور مولانا شیخ محمد صادق جعفری نے کہا کہ غزہ جنگ میں امریکہ اور اسرائیل کو عبرت ناک شکست ہوئی، اب مذاکرات کے میدان میں بھی انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینیوں کے ہر فیصلے اور حماس کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایشیائی ممالک اب امریکہ اور اسرائیلی عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ صہیونی ریاست کی جانب سے فلسطینیوں پر مظالم کئی دہائیوں سے جاری ہیں، اور اہلِ غزہ کی نسل کشی انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں میں کالعدم لشکر جھنگوی کے دو خطرناک دہشتگرد جہنم واصل
مقررین نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کو امریکی نہیں بلکہ فلسطینی ایجنڈے کی حمایت کرنی چاہیے۔ صدر ٹرمپ کا امن منصوبہ فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کے خلاف ایک گہری سازش ہے۔ فلسطین کی قسمت کا فیصلہ صرف فلسطینی عوام کے ہاتھ میں ہونا چاہیے، کسی بیرونی طاقت کے نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی عدالت انصاف میں اسرائیلی صدر اور ناجائز صہیونی ریاست کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات قائم کیے جائیں۔ پاکستانی عوام بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اسرائیل مخالف موقف پر آج بھی قائم ہیں۔ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، اور ملک کے عوام کسی بھی دو ریاستی فارمولے کو مسترد کرتے ہیں۔
مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے خواب دیکھنا بند کرے اور ٹرمپ بیانیے کو فوری طور پر مسترد کرنے کا اعلان کرے۔







