امریکا ،شام و عراق میں دہشتگردوں (داعش) کی پشت پناہی کررہا ہے، مولانا فضل الرحمن
شیعیت نیوز: مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی آڑ میں ہمیں آگ میں جھونک کر ہمارا مستقبل غیر محفوظ کردیا آج نتیجہ یہ ہے کہ یہ آگ ہمارے اپنے گھر میں داخل ہوگئی ہے اور اس سے ہزار وں لاکھوں قبائلی متاثر ہوئے یہاں تک کہ سوات، بلوچستان، کراچی اور ملک بھر میں یہ آگ پھیل گئی جس پالیسی کے اتنے بھیانک نتائج سامنے آئے ہوں وہ بھلا کس طرح درست قرار دی جاسکتی ہے انہوں نے کہا کہ پورے ایشیا میں امریکہ کا واحد دوست بھارت ہے اسے پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر تو اعتراض ہے لیکن بھارت کے ساتھ ایٹمی اور تجارتی معاہدے کرکے اسے مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ افغانستان بھی اس کے ہاتھ میں دے دیا ہے جہاں کی سرزمین سے اب پاکستان کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں اور مغربی سرحد محفوظ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ موجودہ صدی میں دنیا کی نئی جغرافیائی تقسیم کرنا چاہتا ہے افغانستان میں فوجیں لاکر جنگ شروع کی جہاں اب کٹھ پتلی حکومت ہے اور اصل باگ ڈور امریکہ کے ہاتھ میں ہے عرب ممالک کو تہس نہس کرڈالا عراق اور لیبیا کو تباہی و بردبادی سے دوچار کیا شام اور یمن پر بھی جنگ مسلط کی ایک طرف افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جبکہ دوسری طرف شام ،عراق اور لیبیا میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے پاکستان میں بھی وزیر آعظم نواز شریف کی نااہلی یا پانامہ کوئی مسئلہ نہیں دراصل امریکہ کے لئے پاک چین تعلقات اور سی پیک منصوبہ ناقابل قبول ہے وہ ملک میں سیاسی بحران کھڑا کرکے سیاسی عدم استحکام لاکر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتا ہے اس کا اندازہ نواز شریف کی نااہلی کے کوئی ایک ماہ بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں سے لگایا جاسکتا ہے امریکہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نہ صرف16سالہ تعاون ہمارے منہ پر دے مارا بلکہ بندوبستی علاقوں میں بھی ڈرون حملوں کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔







