پاکستان

امریکا کو بتادیا درجہ کم کرنے سے اسی کا نقصان ہوگا، وزیراعظم عباسی

شیعیت نیوز: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکا کو متنبہ کیا ہے کہ پاکستان کا اتحادی کا درجہ کم کرنے سے اسی کا نقصان ہوگا، افغانستان میں امریکی فوجی مہم اور تجارتی مفادات کو نقصان پہنچے گا اور دہشت گردی کو بھی فروغ ملے گا، امریکا کی پاکستان پالیسی کنفیوژ ہے جبکہ ہمارا پیغام واضح ے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے ، واشنگٹن پر دباؤ کا طریقہ ہے کہ ان سے ایف 16طیارے نہ خریدیں ، دہشت گرد افغان سرحد پار کرکے ہمارے لوگوں پر حملے کرتے ہیں ، جب افغان فورسز اور امریکی فورسز انہیں نہیں روک سکتیں تو ہم کیا کرسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی اخبار ’فنانشل ٹائمز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا ۔ اخبار کے مطابق انہوں نے پہلی بار اعتراف کیا کہ ہوسکتا ہے کابل کے سفارتی علاقے میں حملہ کرنے والے بمبار پاکستان سے سرحد پار کرکے گئے ہوں ۔ اخبار کے مطابق وزیراعظم خاقان نے کہا کہ ’میں تمام تفصیلات نہیں جانتا لیکن لگتا ہے کہ تین یاچار افراد سرحد پار کی ۔ ایک گاڑی تھی جو علاقے سے سفر کرتی ہوئی کابل پہنچی اور تباہ ہونے سے قبل سفارتی کمپاؤنڈ میں پارک کی گئی‘۔ انٹرویو میں وزیرعظم کا مزید کہا تھا کہ اگر امریکا نے پاکستان کا غیرنیٹو اتحادی کا درجہ ختم کیا تو افغانستان میں امریکی فوجی مہم اور تجارتی مفادات کو نقصان پہنچے گا جب کہ دہشت گردی کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے امریکی حکومت کی پالیسی کو الجھا کا شکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطے سے متعلق عزائم کا اخبارات سے پتہ چلتا ہے۔ واشنگٹن سے ملنے والے اشارے الجھن سے بھرپور ہیں لیکن ہمارا پیغام واضح ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے تاہم امریکا نے اتحادی کا درجہ ختم کیا تو اس سے نہ صرف دہشت گردی کے خلاف جنگ کی پاکستانی کوششوں کو نقصان ہوگا بلکہ امریکا کا بھی نقصان ہوگا، پاکستان کے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کے لیے امریکا کا تعاون بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈھائی لاکھ فوجی آپریشن میں مصروف ہیں،عموما جنگجو افغانستان سے سرحد عبور کرکے ہمارے لوگوں پر حملے کرتے ہیں، اگر افغان فوج اور امریکی فوج انہیں نہیں روک سکتی تو ہم کیا کرسکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ امریکا پر دباؤ ڈالنے کا ایک طریقہ تو یہ ہے کہ پاکستان اس سے نئے ایف 16 طیارے نہ خریدے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button