آرمی چیف نے 4 دہشت گردوں کی سزائے موت پر دستخط کردیئے، فوجی عدالت سے 23کو عمرقید
شیعیت نیوز:آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چار مزید خطرناک دہشت گردوں کو ملٹری کورٹس سے ملنے والی سزائوں کی توثیق کر دی یہ دہشت گرد ، دہشت گردی کو پھیلانے ،معصوم شہریوں کے قتل،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج پر حملے کرنے میں ملوث تھے انہوں نے مجموعی طو رپر 16افراد کو قتل کیا اوردیگر8افراد کو زخمی کیاان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
ملٹری کورٹس سے 23دہشت گردوں کو مختلف معیاد کی سزائوں کا بھی حکم دیا گیا۔ جن دہشت گردوں کو سزائے موت دی گئی ان میں ریاض احمد ولد گلارم خان کالعدم تنظیم کا رکن تھا وہ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھا،جس کے نتیجے میں پولیس،ایف سی کے 8افسران شہید ہوئے جبکہ پانچ پولیس افسر زخمی ہوئے ۔
مذکورہ دہشت گرد گورنمنٹ مڈل سکول علی گرامہ پر حملے میں ملوث تھااس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا اس نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کابھی اعتراف کیاجسکی بنیاد پر اسے سزائے موت سنائی گئی۔
حبیب الرحمان بھی کالعدم تنظیم کا اہم رکن تھا وہ تین معصوم شہریوں کو قتل کرنے میں ملوث تھا ۔ اس نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا، محمد سلیم ولد مسلم خان کالعدم تنظیم کا اہم رکن تھا وہ قانون نافذ کرنے والےا داروں اور مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا، اس نے چار سپاہیوں کو شہید اور ایک کوزخمی کیا اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمدہوااس نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کیا، اسے ملٹری کورٹ نے موت کی سزا سنائی۔
کفایت اللہ ولد دلریش خان بھی کالعدم تنظیم کا ممبر تھا، وہ مسلح افواج پرحملوں میں ملوث رہا ہے جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید اور دو زخمی ہوئے اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا اس دہشت گرد نے اپنے جرم کا اعتراف کیا،ملٹری کورٹ نے اس کو اس جرم کی پاداش میں سزائے موت سنائی ۔