پاکستان

ٹرمپ کی دھمکی، امریکی سفیر کو طلب کر کے احتجاج کیا جائے،سینیٹ کمیٹی

شیعیت نیوز: امریکا کی نئی افغان پالیسی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کو دی جانے والی دھمکی سینیٹ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ امریکی سفیر کو طلب کر کے احتجاج کیا جائے۔امریکا کی نئی پالیسی کا موثر جواب دینے کیلئے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی نے اپنی سفارشات مرتب کرلیں۔نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ کمیٹی نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے کی جانے والی تقریر میں دہشت گردی کیخلاف عالمی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو نظرانداز کیا گیا اسلئے امریکی سفیر کو طلب کرکے انہیں باور کرایا جائے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریر سے پاکستانی عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔کمیٹی نے تجویز دی کہ وزیر خارجہ امریکی دورے میں پاکستان کی قربانیوں پر مبنی حقائق نامہ پیش کریں، جس میں امریکی اور نیٹو افواج کو پاکستان کی جانب سے دی جانیوالی سہولیات کا ذکر بھی کیا جائے۔اسکے علاوہ یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کو بھی اجاگر کیا جائے۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ کوالیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں امریکا سے ملنے والی امداد پر مشتمل حقائق نامہ بھی جاری کیا جائے۔ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں یہ بھی تجویز دی کہ واضح قومی پالیسی مرتب کی جائے، اسکے علاوہ سینیٹ کی خصوصی کمیٹی نے حکومت کو فی الفور پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس طلب کرنے کی سفارش بھی کی۔ سینیٹ کی خصوصی کمیٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کو مد نظر رکھتے ہوئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر جوابی پالیسی کے اعلان کی بھی سفارش کی۔ اسکے علاوہ سینیٹ کمیٹی نے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے کیلئے فی الفور پارلیمانی وفود کے ذریعے سفارتی کوششیں تیز کرنے کی سفارش کردی۔ کمیٹی نے یہ تجویز بھی دی کہ قومی سلامتی، خارجہ اور بدلتی جیو پولیٹیکل صورتحال کے پیش نظر نئی پالیسی کی تشکیل کیلئے بین الوزارتی ٹاسک فورس قائم کی جائے اور پارلیمان کو ٹاسک فورس میں قائدانہ کردار دیا جائے۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان، چائنا، افغانستان اور تاجکستان پر مشتمل فورم علاقائی فریم ورک بھی تیار کرے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button