ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے خلاف ملک بھر میں ایم ڈبلیو ایم کے تحت احتجاجی مظاہرے
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ 25 اگست کو بعد از نماز جمعہ ملک کے مختلف شہروں میں’’امریکہ مردہ باد‘‘ ریلیاں اور احتجاجی مظاہرے کیئے گئے اور پاکستان کے عوام امریکہ کی پاکستان اور اسلام دشمنی کے خلاف نفرت کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج میں شریک ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق کراچی سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور اضلاع میں احتجا جی مظاہرے منعقد ہوئے ۔
اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ خطے میں دہشت گرد گروہ داعش کو لانے کی امریکی چال کی راہ میں ہم رکاوٹ بنیں گے۔ پاکستان کو شام یا عراق نہیں بننے دیا جائے۔ پاکستان کو امریکی بلاک سے نکل جانا چاہیے۔ امریکہ کے ساتھ تعلقات میں ہمارا ہاتھ سوائے لاشوں کے اور کچھ نہیں آیا۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی عالمی برادری نے ہر پلیٹ فارم پر تعریف کی ہے جبکہ امریکہ نے ہمیشہ ڈومور کا مطالبہ کیا۔مقررین نے کہاکہ ڈومور کے مطالبے کا جارحانہ انداز قومی وقار پر حملہ ہے جس کا جواب اسی انداز سے دیا جانا چاہیے۔ پاکستان امریکہ یا کسی دوسرے ملک کی کالونی نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے۔