فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں، اے ڈی خواجہ
شیعیت نیوز: آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں اور ان کے بینک اکاونٹس کو منجمد کرکے انہیں ہر ہفتے طلب کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ایس ایس پیز فورتھ شیڈولر افراد کو طلب کرکے ان سے خود تفصیلات لیں، جبکہ متعلقہ ایس ایچ اوز کو ہدایات دیں کہ فورتھ شیڈول لسٹ کے افراد کو ہر ہفتے طلب کریں اور پولیس سے تعاون نہ کرنے والے افراد کی رپورٹ سی ٹی ڈی کو روانہ کریں۔ تفصیلات کے مطابق سینٹرل پولیس آفس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیرصدارت اپیکس فالو اپ اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں صوبے میں امن و امان اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ پولیس سے عدم تعاون پر فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں اور ان افراد کے بینک اکاونٹس بھی منجمد کئے جائیں، تمام ڈی آئی جیز فورتھ شیڈول لسٹ کا ازسر نو جائزہ لیں۔ آئی جی سندھ نے مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ اے ٹی سی سے اشتہاریوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔








