نگر کی عوام پیپلز پارٹی کی دوغلی پالیسی جان چکی ہے، شیعہ علماء کونسل
شیعیت نیوز: اسلامی تحریک گلگت بلتستان ضلع نگر کے ترجمان علامہ شیخ نصرت حسین ناصری اور سینئر رہنماء محمد ایوب وزیری نے اپنے ایک مشترکہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ اسلامی تحریک نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کی ہے، جس وجہ سے حلقہ 4 نگر میں شیخ غلام حیدر نجفی کے دور سے لیکر محمد علی شیخ مرحوم کے دور تک اہم ترقیاتی منصوبوں پر عمل ہوا ہے۔ محمد علی شیخ مرحوم نے اپنی وفات سے قبل نگر کی ترقی میں کردار ادا کرتے ہوئے 75 کروڑ کی اسکیمیں منظور کروائیں تھیں، جن میں سے اکثر اسکیمز اس سال جون کی اے ڈی پیز میں شامل ہو چکیں ہیں۔ نگر کی قوم پیپلز پارٹی کے رہنماء جاوید حسین کی دوغلی پالیسی کو جان چکی ہے۔ یہ وہی جاوید ہے جو دن کے اجالوں میں اسمبلی کے اندر نون لیگ کے خلاف نعرے لگاتا ہے جبکہ رات کے اندھیرورں میں چھپ کر حاجی جانباز جیسے نون لیگیوں کے گھروں میں جاکر معافیاں مانگتا ہے۔ پاک چین بارڈر پر کام کرنے والے تاجر حضرات بھی گواہ ہیں کہ یہ وہی جاوید حسین ہے، جو دن کے وقت سوست ڈرائی پورٹ پر ہنگامہ آرائی کرتا ہے جبکہ رات کے اندھیرے میں کسٹم آفیسرز کے پاس جاکر معافیاں مانگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاوید حسین نے نگر قوم سے جھوٹے وعدے کرکے الیکشن تو جیت لیا، مگر جب عملی کام کرنے کا وقت آیا ہے تو جھوٹ کا سہارا لیکر محمد علی شیخ مرحوم کی اسکیمز کو اپنے کھاتے میں ڈالنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ نگر قوم کی اپنی اقدار کے مطابق اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاتا مگر افسوس کہ پی پی کے امیدوار جاوید حسین اور اس کے چند حواریوں نے ضمنی الیکشن میں اور اس کے بعد کے دنوں میں بھی نگر قوم کی اقدار کو پیسے اور پروپیگینڈے کی قیمت پر بیچنے کی ناکام کوشش کی تھی۔ انہوں نے الیکشن کے دنوں میں پیسے، قومیت، مذہبی کارڈ وغیرہ کی بنیاد پر لوگوں کو اپنی طرف مائل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ آج بھی مختلف علاقوں میں جاکر محمد علی شیخ مرحوم کی کاوشوں سے منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں کو اپنے کھاتے میں ڈال کر اپنی کارکردگی ظاہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو کہ احسان فراموشوں کا شیوہ ہے۔ نگر کی عوام بالعموم اور اسلامی تحریک ضلع نگر بالخصوص جاوید حسین ممبر اسمبلی کے اس جھوٹے دعوے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔