پاکستان

ڈی آئی خان: کوٹلی امام حسین ؑ کی اراضی پر ناجائز تجاوزات کے خلاف احتجاج جاری

شیعیت نیوز: ڈیر ہ اسماعیل خان میں کوٹلی امام حسین علیہ السلام کی اراضی پر ناجائز تجاوزات کے خلاف اہل تشیع مکتب فکر کی جانب سے احتجاجی دھرنے کا سلسلہ جاری ہے اور یہ دھرنا محکمہ اوقاف کی جانب سے اراضی کوٹلی امام حسین علیہ السلام کے نام واپسی انتقال اور ناجائز تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

کوٹلی کمیٹی کے مطابق محکمہ اوقاف صوبہ کے پی کے کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈوں کے خاتمے اور کوٹلی حضرت امام حسین علیہ السلام بارے تمام تحفظات کی یقین دہانی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

شیعیت نیوز کے مطابق کمیٹی کا کہنا ہے کہ اہل تشیع کمیونٹی کے ساتھ امتیازی سلوک قابل مذمت ہے ۔ ہماری مذہبی رسومات کی ادائیگی اور اپنی کمیونٹی کیلئے قبرستان کوٹلی امام حسین کا اپنی پرانی حیثیت پر باقی رہنا ناگزیر ہو چکا ہے ۔ ہماری یہ احتجاج کسی فرد یا کمیونٹی کے خلاف نہیں ہے بلکہ ہمارا احتجاج محکمہ اوقاف کے پی کے کے معاندانہ رویہ کے خلاف ہے ۔

انہوںنے کہا کہ یہ ہمارا قانونی اور اخلاقی اور شرعی حق ہے جسکے حصول کو یقینی بنانے کیلئے یہ احتجاج جاری ہے اور رہیگا ۔ تاہم یہ سب کچھ قانون کی حدود میں رہے گا۔ ہم امن پسند لوگ ہیں اور اس ملک کی تعمیر و ترقی ، بقاء اور قیام امن کے لئے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور قانون کی عمل داری پر یقین رکھتے ہوئے اس کی پاسداری کی ہے ۔ ہم نے ہمیشہ لاء انفورسنگ ایجنسیز اور افواج پاکستان سے تعاون کیا ہے اور انشاءاللہ کرتے رہیں گے ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button