پاکستان

بلوچستان میں دھماکا، 4 ایف سی اہلکار شہید

شیعیت نیوز: بلوچستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں چار ایف سی اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل مند میں ایف سی کے قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

حکام کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کے نتیجے میں ایف سی کی ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ ایف سی کا قافلہ علاقے میں معمول کی گشت پر تھا جب وہ نامعلوم شدت پسندوں کی جانب سے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کی زد میں آگیا۔

زخمی ہونے والے ایف سی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لیے تربت ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایف سی اور لیویز کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔

دھماکے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کردی گئی جبکہ سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بھی دھماکے کی تصدیق کی گئی اور بتایا گیا کہ تربت میں ایف سی کی گاڑی سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بم دھماکے کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button