بغیر مشاورت کے جنرل راحیل کو سعودی اتحاد کی سربراہی کا این او سی جاری کیاگیا، علامہ ساجد نقوی
شیعیت ینوز: پاکستان شیعہ علما کونسل کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے خوشاب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو امن کا گہو ارہ بنانے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرنا ہو گا، پانامہ کیس کا فیصلہ کچھ بھی ہو ملکی مفاد میں فریقین کو تسلیم کرنا چاہیئے۔ دارالعلوم جعفریہ کربلا میں تین روزہ علما کنونشن کی آخری نشست میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کے پاس کوئی اختیارات نہیں، بلکہ وہ صرف امریکہ نواز پالیسی پر گامزن ہیں، جنرل راحیل شریف کو اسلامی ممالک کی افواج کا سربراہ نامزد کرنے کا این او سی جاری کیا گیا، لیکن حکومت نے کسی سے مشاورت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ہمارے ملک میں مختلف طبقات کیلئے الگ قوانین ہیں، ملک اس وقت تک امن قائم نہیں ہوسکتا جب تک قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر طبقہ دینی قوتوں کے اتحاد میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، ہم ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے اتحاد امت کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔








