پاکستان ایران کی قربتوں سے خائف ممالک شرانگیزی چاہتے ہیں، علامہ نیاز نقوی
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اورملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے اقتصادی تعاون تنظیم () کے اجلاس کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کی ترقی میں رکن ممالک بہتر کردار ادار کرسکیں گے ،پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی سازشیں ناکام ہوئی ہیں، لیکن افسوس کہ اسلام آباد اور تہران کی قربتوں سے خائف ممالک اپنے ایجنٹوں کے ذریعے شرانگیزی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی ترقی کا را ز اتحاد امت میں ہے، مگر افسوس جب بھی ایران اور پاکستان قریب آنے لگتے ہیں ، شرپسند عناصر پراپیگنڈہ شروع کردیتے ہیں، گذشتہ سال بھارتی ایجنٹ کلبھوشن کی گرفتاری کو ایشو بنا کر ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے دورے کو خراب کرنے کی ساز ش کی گئی تھی، اور اب بھی کچھ افراد اسی طرح کی سازشیں کررہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران انقلاب اسلامی کے بعد سے علما کی قیادت میں ریاست مدینہ کا نمونہ پیش کررہا ہے، اور امت مسلمہ کے اتحاد اور وقار کی بلندی کے لئے اپنا کردار ادا کررہا ہے، جس سے امریکہ اور اسرائیل کے حاشیہ بردار کچھ عناصرکو بہت تکلیف ہے، اس لئے وہ سازشیں کرتے رہتے ہیں۔
علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان بہتر تعلقات ہی خطے میں امن کی ضمانت ہیں۔مفکر پاکستان شاعر مشرق علامہ اقبال کے مطابق تہران کو اگر عالم مشرق کا جنیوا تسلیم کرلیا جاتا تو اس خطے کی تقدیر بدل جاتی اور کافی ساری عالمی خرافتیں ختم ہوجاتیں، لیکن اس کے باوجود ولی امرالمسلمین آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں ایران نے اسلام دشمن ممالک کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے۔ جس کی وجہ سے امریکی سازشیں ناکام رہی ہیں۔حال ہی میں تہران میں بین الاقوامی فلسطین کانفرنس میں27 ممالک اور 80 ممالک سے نمائندگان نے شرکت کی اور فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ حیرت کی بات ہے کہ فلسطینیوں کے حقوق کا غاصب اسرائیل کہتا ہے کہ ایران سے سعودی عرب کو خطرہ ہے اور وہ ان ریاستوں کی مدد سے اسلامی جمہوریہ کا مقابلہ کرے گا ۔ اس پر ان ممالک کو بھی سوچنا چاہیے کہ عرب اور اسلام کے حقوق کاتحفظ اسرائیل کرے گا، تو پھر امت مسلمہ کا خدا ہی حافظ ہے۔