ایران

امریکیوں نے سبھی عالمی اصولوں کو پامال کردیا ہے ڈاکٹر حسن روحانی

ایران میں خلائی ٹیکنالوجی کا قومی دن منایا گیا ۔ اس مناسبت سے ایک تقریب میں صدر مملکت نے اہم خلائی مصنوعات کی رونمائی کی ۔ صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس تقریب سے خطاب میں امریکا کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں اور اقدامات پر سخت تنقید کی ۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایرانی عوام اور دیگر مسلم اقوام کے ویزوں کی منسوخی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی عوام کی حمایت کا امریکی دعوا جھوٹا ہے ۔ صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے خلائی ٹیکنالوجی کے قومی دن کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج دنیا میں علم و دانش نے اتنی پیشرفت کرلی ہے کہ اب اقوام کے افکار کو ایک دوسرے سے الگ کرنا ممکن نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر کوئی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ چند ملکوں کے عوام کے ویزے پر پابندی لگاکے ، انسانوں اور اقوام کے درمیان خلیج اور دوری پیدا کرسکتی ہے ، تووہ غلطی پر ہے۔صدر ڈاکثر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی حکام دنیا میں امتیازی طرز عمل ختم کرنے کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن خود انسانوں میں امتیاز و تفریق کی بنیاد پر ان کے حقوق پامال کررہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ نئے امریکی صدر تمام بین الاقوامی اصول وضوابط اور عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کررہے ہیں ۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج کی دنیا افکار کے رابطے کی دنیا ہے اور اقوام کے درمیان دیوار کھڑی کرنے اور فاصلے پیدا کرنے کا دور ختم ہوچکا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے جامع ایٹمی معاہدے کا پیغام یہ تھا کہ مذاکرات اور گفتگو علاقائی اور عالمی تنازعات کو حل کرنے کا بہترین راستہ ہے ۔

صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح عشرہ فجر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام نے انقلابی جدوجہد کے دوران اپنی انقلابی توانائیوں کو ، آٹھ سالہ مقدس دفاع کے دوران اپنی دفاعی طاقت کو اور پابندیوں کے دور میں اپنی استقامت کو دنیا والوں پر ثابت کردکھایا ہے ۔ صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس تقریب میں ایران کے ناہید ایک، اور پیام امیر کبیر نامی مصنوعی سیاروں اور سامان ایک نامی ، اسپیس آربیٹل سسٹم کی رونمائی کی ۔ ناہید ایک ایران کا پہلا مواصلاتی سیٹ لائٹ ہے جو ایران کے خلائی ریسرچ سینٹر میں ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے ۔پیام امیر کبیر سیٹ لائٹ ایران کی امیر کبیر ٹیکنیکل یونیورسٹی میں تیار کیا گیا ہے ۔ یہ سرویلینس ایمیجنگ سیٹ لائٹ ہے جو اعلی کوالٹی کی تصویریں لینے، انہیں ارسال کرنے اور خلائی تابکاری کی شعاؤں کی پیمائش کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔سامان ایک اسپیس آربیٹل مین ایور سسٹم ،سیٹلائٹ آربٹ تبدیل کرنے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ ایرانی کیلینڈر میں چودہ بہمن مطابق دو فروری ایران میں خلائی ٹیکنالوجی کا قومی دن ہے ۔ ہر سال اس دن اہم خلائی مصنوعات کی رونمائی کی جاتی ہے۔ دو ہزار آٹھ میں آج ہی کے دن ایران ، امید نامی سیٹ لائٹ کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیج کر، خلا میں سیٹ لائٹ بھیجنے کی صلاحیت رکھنے والے ملکوں کے کلب میں شامل ہوا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button