عراق

مقتدیٰ الصدر کا ڈونلڈ ٹرمپ سے امریکی شہریوں کو عراق سے خارج کرنیکا مطالبہ

عراق کے الصدر گروہ کے سربراہ سید مقتدیٰ الصدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازعہ حکم پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس سے پہلے کہ امریکی صدر اقلیتوں کو اپنے ملک سے باہر نکالیں، وہ عراق سے اپنے شہریوں کو خارج کرے۔ ایران کے خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق عراق کے الصدر گروہ کے سربراہ نے اپنے ٹویئٹر پیج پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خطاب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تم کتنے آرام اور آزادی کے ساتھ عراق اور دیگر ممالک میں داخل ہوتے ہو اور چاہتے ہو کہ ان ممالک کے لوگوں کو اپنے ملک میں داخل ہونے سے روک دو، یہ اقدام انتہائی تکبر کی علامت اور غنڈہ گردی ہے۔ سید مقتدیٰ الصدر نے امریکی صدر سے مطالبہ کیا ہے، اس سے پہلے کہ تم اقلیتوں کو اپنے ملک سے نکالو، اپنے شہریوں کو عراق سے خارج کرو۔ ادھر عراق کی رضاکار تنظیم الحشد الشعبی کے ترجمان احمد الاسدی نے سات مسلمان ممالک (ایران، شام، عراق، یمن، صومالیہ، سوڈان اور لیبیا) کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کے ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازعہ حکم پر اپنے ردعمل میں عراقی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھی عراق میں امریکی شہریوں کے داخلے پر پابندی لگائیں اور عراق کی سرزمین پر موجود امریکیوں کو یہاں سے نکا دیں۔ یاد رہے کہ جمعہ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک متنازعہ حکم کے ذریعے ایران، عراق، شام، یمن، لیبیا، سوڈان اور صومالیہ کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر 90 روز تک پابندی لگا دی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button