عراق

عراق نے عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے بارے میں سعودی عرب کے دعوے کو مسترد کر دیا

رپورٹ کے مطابق عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد جمال نے  سعودی عرب کے وزیر خارجہ کے الحشد الشعبی کے بارے میں بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان، عراقی حکومت کے ساتھ سعودیوں کے، کشیدگی پیدا کرنے کے رویے کا تسلسل ہے۔ انھوں نے کہا کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کی فداکاریوں کے بارے میں سعودیوں کے منفی دعووں کی تکرار کی کوئی حیثیت نہیں ہے اور یہ قبائلی رویے کی عکاسی کرتی ہے۔ عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے جو غلط رویہ اختیار کر رکھا ہے اس کی وجہ سے علاقے کی قوموں کے ساتھ باہمی تعاون کے بہت سے مواقع ہاتھ سے نکل گئے ہیں اور شام اور یمن میں بحران جاری ہے۔ احمد جمال نے کہا کہ عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی، ایک مجاہد اور بہادر فورس ہے جو عراقی پارلیمنٹ میں پاس ہونے والے قانون کے مطابق کام کر رہی ہے اور یہ فورس، اس ملک کا ایک سرکاری ادارہ، شمار ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے پیر کے روز عراق کی عوامی رضاکار فورس کے بارے میں اپنے دعووں کی تکرار کرتے ہوئے انھیں قبائلی جنگجو قرار دیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button