سعودی عرب

امریکا، سعودی عرب کو اسمارٹ بم فراہم کرنے کو تیار

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے امریکا سے ملنے والے ہتھیاروں کی کھیپ محدود کئے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جلد ہی سعودی عرب کو اسمارٹ بم فراہم کرنے والا ہے۔سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ یمن کی جنگ کی وجہ سے امریکا نے سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فراہمی محدود کر دی ہے۔
انہوں نے اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم امریکا کی جانب سے اسمارٹ بموں کی فراہمی کے منتظر ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے میڈیا میں آنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ امریکہ نے یمن کی جنگ میں عام شہریوں کے قتل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سعودی فوج کی حمایت ختم کرنے اور جدید ہتھیاروں کی فروخت بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عادل الجبیر نے ان خبروں کو صرف افواہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت کو امریکا کی جانب سے ایسی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے بھی سعودی عرب کو امریکی ہتھیاروں کی فراہمی محدود کرنے والی رپورٹوں کو کم اہمیت والی خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت کو فوری طور پر بند کر دے، ورنہ یمن میں عام شہریوں کی ہلاکتوں میں امریکہ کو بھی برابر کا شریک سمجھا جائے گا ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button