پاکستان

نورانی: ملکی اسٹریٹجیک اثاثوں کا ایک اور تحفہ، مزار پر خودکش دھماکے میں 52 شہید

شیعیت نیوز: صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں درگاہ شاہ نورانی میں زور دار بم دھماکے کے نتیجے میں 52 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

صوبہ بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے درگاہ میں دھماکے کے نتیجے میں 52 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شاہ نورانی امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پر زخمیوں کی حتمی تعداد کے بارے میں نہیں بتایا جاسکتا۔

مذکورہ علاقہ حب شہر سے 100 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر قائم ہے، راستہ انتہائی دشوار گزار اور خراب ہے جبکہ قریب میں ریسکیو کی سہولیات بھی موجود نہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق درگاہ شاہ نورانی سے لاشیں اور زخمیوں کی کراچی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے اور رات گئے تک سول ہسپتال میں ایک خاتون اور چار بچوں سمیت 11 افراد کی لاشیں لائی گئی تھیں۔

ادھر کراچی کے عباسی شہید ہسپتال میں زیر علاج 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر سے یومیہ سیکڑوں کی تعداد میں زائرین درگاہ شاہ نورانی آتے ہیں جبکہ زائرین کی بڑی تعداد کراچی اور حب سے درگاہ کی زیارت کیلئے جاتی ہے۔

اس سے قبل علاقے میں موجود نجی ریسکیو ذرائع کے مطابق کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود زخمیوں کو ہسپتال منتقل نہیں کیا جاسکا تھا جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب عینی شاہدیں کے مطابق دھماکہ خواتین کے احاطے میں خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ خود کش بمبار ایک خاتوں تھی۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button