عراق

موصل آپریشن ، عراقی افواج کی پیشقدمی

عراقی افواج نے شمالی شہر موصل کو آزاد کرانے کی کارروائیاں سترہویں روز بھی پوری شدت کے ساتھ جاری رکھیں جن کے دوران بہت سے دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

عراق سے موصولہ خبروں کے مطابق عراقی افواج نے  داعش کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے موصل اور اس کے اطراف میں ایک سو سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ متعدد علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے-

تازہ ترین خبروں میں کہا گیا ہے کہ عراقی فضائیہ کے ایف سولہ جنگی طیاروں نے موصل شہرمیں اس ہوٹل پر بمباری کر دی ہے جس میں داعش کے سرغنے ایک میٹنگ کر رہے تھے۔ اس حملے میں کم سے کم سڑ سٹھ دہشت گرد اور ان کے سرغنے مارے گئے ہیں-

اطلاعات ہیں کہ عوامی رضا کار فورس نے موصل کے مغرب میں خبیرات ، ام شنین اور الحویش نامی گاؤں کو آزاد کرا لیا ہے جبکہ موصل کے جنوب میں شورہ علاقے میں منکار نامی گاؤں کو بھی عراق کی فیڈرل پولیس نے آزاد کرا لیاہے۔

عراقی افواج موصل کے جنوب میں حمام العلیل کے علاقے میں تیزی سے پیشقدمی کر رہی ہیں اور یکے بعد دیگرے متعدد دیہی بستیوں کو آزاد کرا رہی ہیں- اس درمیان عراقی پولیس کے سربراہ شاکر جودت نے کہا ہے کہ عراقی افواج موصل شہر کے ہوائی اڈے سے صرف سولہ کلومیٹر کے فاصلے پر رہ گئی ہیں- اس سے پہلے عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے موصل کے محاذ کا دورہ کرتے ہوئے داعش کے سرغنوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ اپنے ہتھیار ڈال دیں یا پھر مرنے کے لئے تیار ہو جائیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button