جدہ ایئر پورٹ کو سن دوہزار سولہ میں دنیا کا سب سے بدترین ایئر پورٹ قرار دے دیا گیا ہے۔
دی گائیڈ ٹو سلیپ ان ایئر پورٹ نامی ویب سائٹ کے مطابق جدہ ایئر پورٹ دنیا کا سب سے بدترین ایئرپورٹ ہے جہاں کا عملہ انتہائی مغرور اوربد دماغ ہے۔ مذکورہ ویب سائٹ کے مطابق، جدہ ایئر پورٹ پر صفائی ستھرائی تو محض افسانہ معلوم ہوتی ہے۔ یہ ویب سائٹ ہر سال مسافروں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کی بنیاد پر دنیا بھر کے ایئرپورٹوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتی ہے۔دی گائیڈ ٹو سلیپ ان ایئر پورٹ کی جاری کردہ فہرست کے مطابق جدہ ایئر پورٹ دنیا کا بدترین ایئر پورٹ ہے جس کے بعد سوڈان کے جوبا ایئر پورٹ کا نمبر آتا ہے۔ نائیجیریا کا پورٹ ہرکورٹ ایئر پورٹ اور ازبکستان کا تاشقند ایئر پورٹ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہے۔ دی گائیڈ ٹو سلیپ ان ایئر پورٹ کے سروے میں مسافر حضرات چھے معیاروں کے تحت دنیا بھر کے ایئرپورٹوں کے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔جن میں کسٹمر سروس، صفائی ستھرائی، ڈائنگ، استراحت جیسے معیار شامل ہیں۔ ویب سائٹ کے مطابق جدہ ایئر پورٹ کو تمام معاملات میں بہتری کی اشد ضرورت ہے۔دی گائیڈ ٹو سلیپ ان ایئر پورٹ کی رپورٹ کے مطابق جدہ ایئر پورٹ پر تعینات سعودی امیگریشن کے ملازمین انتہائی غیرمحتاط ، مغرور اور بےانتہا بدتمیز ہیں جبکہ یہاں ریستوران، شاپنگ سنیٹر اور سرگرمی کی دوسری سہولتیں بھی موجود نہیں ہیں۔