بغداد لہو لہو! مجلس عزا میں خود کش دھماکہ، 41 عزادار شہید
شیعیت نیوز: عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک مجلس عزا میں خودکش دہشت گردانہ بم دھماکے میں درجنوں عزادار شہید ہوگئے ہیں۔ بغداد میں پولیس ذرائع اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے الشعب محلے میں مجلس عزا کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس میں کم سے کم اکتالیس عزادار شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ خودکش حملہ اس شامیانے کے اندر کیا گیا جو محرم الحرام کے دوران عزاداری سید الشہداء علیہ السلام کے لئے لگایا گیا تھا۔ جس جگہ یہ عزاداری ہو رہی تھی وہ بازار کا علاقہ ہے، جہاں عام طور پر لوگوں کی بھیڑ ہوتی ہے۔ عشرہ محرم کے دوران بھی دہشت گردوں نے بغداد میں عزاداروں پر حملے کئے تھے۔ پچھلے چند مہینے کے دوران عراق کے مختلف علاقوں میں عراقی افواج کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے عراق کے عام شہریوں خاص طور پر بغداد میں پبلک مقامات، بازاروں اور مجالس عزا کے پروگراموں میں شریک لوگوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔
دیگر ذرائع کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہونے والے ایک خودکش دھماکے میں 31 افراد جاں بحق اور 30 کے قریب افراد زخمی ہوگئے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق واقعہ بغداد کے شمالی ضلع الشعب میں پیش آیا، جہاں ایک پر ہجوم مارکیٹ میں ٹینٹ لگایا گیا تھا۔ اس مقام پر محرم الحرام کی مناسبت سے مجلس جاری تھی اور وہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے جبکہ ایک مقامی شخص کی وفات پر تعزیت کے لئے بھی لوگ وہاں موجود تھے۔ پولیس اور طبی حکام نے بتایا کہ مجلس میں ایک خودکش بمبار داخل ہوا اور اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔ خیال رہے کہ شدت پسند تنظیم داعش کے کنٹرول میں مغربی اور شمالی عراق کے بعض علاقے ہیں، جن میں ملک کا اہم ترین شہر موصل بھی شامل ہے۔ گذشتہ کچھ مہینوں سے عراقی فورسز نے داعش سے کچھ علاقے واپس لئے ہیں، تاہم اس کے بعد داعش کی جانب سے عراقی شہروں میں خودکش دھماکوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس میں اب تک ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔ صرف مئی 2016ء میں ہونے والے متعدد دھماکوں میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ جولائی میں بھی عراق کے دارالحکومت بغداد کے مصروف تجارتی مرکز میں شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے کئے گئے بم دھماکے میں 213 افراد جاں بحق اور 160 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
ادھر اسلامی جمہوریہ ایران نے بغداد میں مجلس عزا میں کئے جانے والے خودکش دھماکے کی مذمت کی ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بغداد دہشت گردانہ بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین، عراقی عوام اور حکومت سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر دہشت گردی اور تکفیری دہشت گرد گروہوں کے خلاف مشترکہ تعاون کی ضرورت اور عراقی حکومت اور عوام کی موثر حمایت کے سلسلے میں عالمی برادری کی ذمہ داری پر زور دیا۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردوں کی مکمل شکست اور نابودی تک عراقی عوام اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو امید ہے کہ عراقی عوام اور علاقے کے تمام ملکوں کے اتحاد سے علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ہفتے کو بغداد میں مجلس عزا میں خودکش دہشت گردانہ بم دھماکے میں اکتالیس عزادار شہید اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے۔