امریکہ-ایران امن معاہدے کا خیرمقدم، خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی طرف اہم پیش رفت ہے، بلاول بھٹو زرداری
شیعیت نیوز : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ریاست ہائے متحدہ امریکا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے ذریعے پائیدار امن کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ معاہدہ سفارتکاری، مذاکرات اور باہمی اعتماد کی بحالی کی سمت ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم ہے، جو نہ صرف متعلقہ ممالک بلکہ پورے خطے میں استحکام اور امن کے امکانات کو مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مثبت پیش رفت اس عمل میں شامل تمام فریقین کی مدبرانہ قیادت، سیاسی بصیرت اور امن کے لیے سنجیدہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ موجودہ عالمی اور علاقائی صورتحال میں تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پیغامِ کربلا کانفرنس حق، حریت، عزت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کا پیغام اجاگر کرے گی، علامہ مقصود علی ڈومکی
چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو اس عمل کو آگے بڑھانے میں ان کی قیادت اور وژن پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزارت خارجہ اور تمام شریک ممالک کی سفارتی ٹیموں کی خدمات کو بھی سراہا۔ بلاول بھٹو زرداری نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ مستقبل میں خطے میں مزید اعتماد سازی، اقتصادی تعاون اور امن کے فروغ کے لیے نئی راہیں ہموار کرے گا۔







