ایران

سب کو دنیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کوشش کرنی چاہیے: حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ سب کو علاقے اور دنیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعہ کے روز ناوابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ونزویلا روانہ ہونے سے قبل نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ علاقے اور دنیا کے حالات مناسب نہیں ہیں اور امن، دوسرے ملکوں کے داخلی امور میں مداخلت نہ کرنا، قومی حاکمیت کا احترام، ترقی پذیر دنیا اور پوری دنیا کے مسائل کے حل کے لیے ہم آہنگی اور ہم فکری بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔

انھوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکہترویں اجلاس میں شرکت کے بارے میں کہا کہ اس بین الاقوامی اجلاس میں علاقے اور دنیا کے اہم مسائل کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا موقف پیش کیا جائے گآ۔

اس رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ناوابستہ تحریک کے صدر کی حیثیت سے ونزویلا کے جزیرے مارگاریٹا میں اس تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے اور اس تنظیم کی صدارت ونزویلا کے صدر کے سپرد کریں گے۔

صدر مملکت ناوابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد کیوبا کے صدر کی دعوت پر اس ملک کا دورہ کریں گے۔ جس کے بعد وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکہترویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک جائیں گے۔

جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مختلف ملکوں کے اعلی حکام اور شخصیات سے ملاقات بھی صدر مملکت کے پروگرام میں شامل ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button