پاکستان

پنجاب میں عزاداری پر پابندی کے خلا ف ۲ ستمبر وزیراعلیٰ ہاوس کا گھیراو کریں گے ، علامہ راجہ ناصر عباس

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے احتجاجی کیمپ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات پر وعدے کے مطابق عمل نہ کیا گیا تو پھر 2 ستمبر کو وزیراعلٰی ہاوس پنجاب کے سامنے دھرنا دیا جائے گا جس میں میرے سمیت تمام مرکزی رہنما اور ملک بھر سے کارکنوں کی بڑی تعداد شامل ہوگی۔ حکومت کسی مغالطے میں نہ رہے، ہمارا احتجاجی کیمپ ابھی تک قائم ہے۔ تسلیم شدہ مطالبات پر عمل درآمد میں حکومتی سست روی ہمارے لئے تشویش کا باعث ہے۔ حکومت فوری طور پر ہمارے تحفظات کا ازالہ کرے۔ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں علامہ ناصر عباس نے کہا کہ جب تک اس کے تمام نکات پر عمل نہیں کیا جاتا، تب تک دہشت گردی کے خلاف مقاصد حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ عوام کو لفظوں کے ہیر پھیر میں الجھانے کا وقت اب گزر چکا ہے۔ اب ملکی حالات عملی اقدامات کا تقاضا کر رہے ہیں۔ ضرب عضب کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔

تحریک انصاف کے سربراہ کے حوالے سے علامہ ناصر عباس نے کہا کہ اپنے صوبے کے لوگوں کو نظرانداز کرنے کی پالیسی عمران خان کے لئے سیاسی نقصان کا باعث بنے گی۔ خیبر پختونخوا میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے بعد شہداء کے گھروں کی طرف جانے کے لئے عمران خان کے پاس وقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ طرز عمل عوام کے لئے تکلیف اور اضطراب کا باعث ہے۔ عمران خان کو اپنے رویہ پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ نریندر مودی پاکستان کے معاملات میں مداخلت کرکے خطے کی صورت حال خراب کرنا چاہتا ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے حوالے سے بھارتی وزیراعظم کا حالیہ خطاب پاکستان کے داخلی معاملات میں براہ راست مداخلت ہے، جس کی سخت الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہ مودی کی تقریر سے پاکستان میں جاری دہشت گردی کے محرکات واضح ہوچکے ہیں، اب مزید کسی ثبوت کی ضرورت نہیں۔ بھارت کی اس سنگین سفارتی خلاف ورزی کے حوالے سے عالمی فورمز پر آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ننگی جارحیت نے عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ بھارتی افواج کی وحشیانہ درندگی کے مناظر میڈیا پر موجود ہیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اس زیادتی کا سختی سے نوٹس لیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button