یمنی پارلیمنٹ نے مفرور صدر کو غیر قانونی قرار دے دیا
یمن کی پارلیمنٹ نے سعودی عرب کے حمایت یافتہ مستعفی صدر عبدربہ منصورہادی کو نااہل اور غیر قانونی صدر قرار دے دیا ہے۔
یمن کی پارلیمنٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مستعفی صدر منصور ہادی نے عوام کی دی ہوئی امانت میں خیانت اور سعودی جاریت کا راستہ ہموار کیا ہے لہذا وہ اپنی قانونی حثیت کھوچکے ہیں۔ یمنی پارلیمنٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت پارلیمنٹ کو ملک میں قانونی بالادستی حاصل ہے لہذا تمام سیاسی اور سماجی دھڑوں کو اس کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے۔ قابل ذکر ہے کہ ہفتے کے روز تقریبا ڈیڑھ سال کے وقفے کے بعد یمن کی پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں ملک کی اعلی سیاسی کونسل کے ارکان نے بھی اپنے عہدیدے کا حلف اٹھایا ہے۔ سعودی عرب نے امریکہ اور خطے کے بعض ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔ اس جارحیت کا مقصد یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانا ہے۔