مقبوضہ کشمیر: عید سے قبل درجنوں جوان گرفتار
شیعیت نیوز: جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سوپور کے ارشاد احمد لون ولد خضر محمد لون کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے تجر شریف منڈجی، بومئی اور ملحقہ دیہات کے درجنوں نوجوانوں کو حراست میں لیا ہے، جن میں شوکت احمد لون، اخلاق احمد شیخ، سجاد احمد چوپان، ظہور احمد بٹ، عبدل ودود، محمد سید پرے، شوکت احمد بٹ منڈجی، تنویر قادر منڈجی، عبدالقیوم گنائی نادی ہل، تنویر احمد ملہ اور ریاض احمد شامل ہیں۔ سید علی گیلانی نے عید سے قبل ان تمام نوجوانوں اور دیگر سیاسی نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے روزوں کے اس مقدس مہینے میں ریاست کے طول و عرض میں جبر و زیادتیوں کا ایک بازار گرم کررکھا ہے اور لوگوں کا جینا حرام کردیا گیا ہے۔ علی گیلانی نے کہا کہ کشمیر پولیس نہ صرف اپنے لوگوں کے خلاف برسرِ جنگ ہوگئی ہے، بلکہ یہ اوپر سے نیچے تک ایک کورپٹ ادارہ بن گیا ہے۔ انہوں نے مسرت عالم بٹ، امیرِ حمزہ شاہ، شکیل احمد یتو، ناصر عبداللہ، محمد امین، مولوی عبدل احد تارزوہ، پرے، حکیم شوک احمد، عبدل حمید پرے، اسداللہ پرے، معراج الدین نندہ اور زبیر احمد تُرے کو بھی عید سے قبل رہا کرانے پر زور دیا۔