مشرق وسطی

بحرین میں جمہورت کے حامی 8 افراد کی شہریت منسوخ،6 کو عمر قید

حکومت بحرین نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید آٹھ افراد کی شہریت منسوخ اور انہیں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

خبروں کے مطابق بحرین کی شاہی حکومت کی ایک نمائشی عدالت نے ملک میں جاری جمہوری تحریک میں حصہ لینے والے چھے شہریوں کو عمر قید اور دو کو پندرہ پندرہ سال قید کی سزا سناتے ہوئے ان کی شہریت منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔

ان لوگوں پر دہشت گرد گروہوں میں شمولیت اور ملک کے خلاف جاسوسی جیسے بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

بحرین کے انسانی حقوق مرکز کے مطابق شاہی حکومت سن دو ہزار بارہ سے اب تک دو سو اکسٹھ افراد کی شہریت منسوخ کر چکی ہے۔

بحرین کی وزارت داخلہ نے بیس جون کو شیعیان بحرین کے قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی شہریت بھی منسوخ کر دی تھی۔ شیخ عیسی قاسم کی شہریت کی منسوخی سے ایک ہفتہ قبل بحرین کی شاہی حکومت نے ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت جمیعت وفاق ملی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اس کے تمام دفاتر سیل کر دیئے تھے۔

جمیعت وفاق ملی کے سربراہ شیخ علی سلمان پہلے ہی جیل میں بند ہیں اور شاہی حکومت کی ایک نمائشی عدالت نے جون دو ہزار پندرہ کے اواخر میں شیخ علی سلمان پر وزارت داخلہ کی توہین اور نظام حکومت تبدیل کرنے کے لئے عوام کو قانون شکنی پر ورغلانے کے الزام میں چار سال قید کی سزا سنائی تھی جسے رواں سال مئی میں بڑھا کر نو سال کر دیا گیا۔

دوسری جانب انسانی حقوق کے کارکن نبیل رجب کی وکیل جلیلہ سید نے اپنے موکل کی جسمانی حالت کے بارے میں سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

جلیلہ سید اپنے موکل کی اسپتال سے دوبارہ جیل منتقلی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں نبیل رجب کی حالت روز بروز بد سے بد تر ہوتی جا رہی ہے۔

بحرین کے انسانی حقوق مرکز نے بھی نبیل رجب کی صورت حال کے بارے میں سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے وہ ان کی رہائی کے لئے حکومت بحرین پر دباؤ ڈالیں۔

نبیل رجب کو سن دو ہزار چودہ میں اپنے ٹوئیٹ میں شاہی حکومت پر تنقید کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے سعودی عرب کی حمایت یافتہ شاہی حکومت کے خلاف عوامی تحریک جاری ہے۔ اس ملک کے عوام، خاندانی آمریت کے بجائے مکمل جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

بحرین کی شاہی حکومت عوام کے جائز مطالبات پورے کرنے کے بجائے سعودی فوج کے ساتھ مل کر عوامی تحریک کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button