عراق

سعودی مفتی فرقہ وارانہ قتل کے فتووں کی بجائے غاصب صیہونی حکومت کیخلاف جدوجہد کی حمایت کریں، مقتدا صدر

عراق کے معروف سیاسی و مذہبی رہنما مقتدیٰ صدر نے صیہونی حکومت کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی تحریک آزادی کی بھرپور حمایت کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔ عراق کے معروف سیاسی و مذہبی رہنما مقتدیٰ صدر نے عالمی یوم القدس کی مناسبت سے جو آئندہ جمعے کو پوری دنیا میں منایا جائے گا، ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت، عراق میں مختلف دہشت گرد گروہوں کی شکل میں موجود امریکی زرخریدوں کے ساتھ جنگ جاری رکھتے ہوئے، مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد میں فلسطینی عوام کا ساتھ دینے کے لئے بھی تیار ہے۔ عراق کے صدر گروپ کے رہنما نے عالم اسلام اور مسلمانوں کے تمام فرقوں، اقوام، شیعہ، سنی، عرب اور غیر عرب مسلم اقوام سے فلسطین کے زیر پرچم متحد ہو جانے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو، جس نے چالیس عرب اور اسلامی ملکوں کا اتحاد بنانے کا دعویٰ کیا ہے، مسلمان ملکوں میں تفرقہ اندازی کا سلسلہ بند کرکے فلسطین کی آزادی کی راہ میں قدم رکھنا چاہئے۔

مقتدیٰ صدر نے مسئلہ فلسطین کو سبھی عرب و غیر عرب اسلامی ملکوں کا مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ سعودی مفتیوں کو چاہئے کہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے قتل کا فتویٰ صادر کرنے اور مذہبی فرقہ واریت پھیلانے کے بجائے، غاصب صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد کی حمایت کریں۔ انھوں نے کہا کہ فلسطین کو آزاد کرانے کے لئے مذہبی، فرقہ وارانہ اور نسلی اختلافات کو بالائے طاق رکھنا اور تمام عرب اور غیر عرب اسلامی اقوام کا متحد ہونا ضروری ہے۔ یاد رہے کہ ایران میں اسلامی انقلاب آنے کے بعد حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے رمضان المبارک کے آخری جمعے کو عالمی یوم القدس قرار دیا اور ہر سال اس دن پوری دنیا میں روزہ دار مسلمان مختلف قسم کے اجتماعات اور مظاہروں کا اہتمام کرکے فلسطینی عوام سے یک جہتی اور ان کی امنگوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں

متعلقہ مضامین

Back to top button