عراق

فلوجہ کے مزید علاقے داعش کے قبضے سے آزاد

عراق کی مسلح افواج نے فلوجہ آپریشن کو جاری رکھتے ہوئے دو مزید علاقوں کو داعشی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔

عراقی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق ، فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے شمال مشرقی فلوجہ کے نواحی علاقے شرطہ اور العسکری کو داعشی دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ فلوجہ کے بعض نواحی علاقوں میں عراقی فوج اور داعشی دہشت گردوں کے درمیان جھڑپیں اب بھی جاری ہیں، عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان ، دریائے دجلہ کے مغربی ساحل اور فلوجہ کے شمال میں واقع دو علاقوں جغیفی اور الجولان کو داعش کے قبضے سے آزاد کرنے میں مصروف ہیں۔

عراقی پولیس فورس کے ایک کمانڈر کرنل احمد الساعدی نے کہا ہے کہ چار سیکٹروں سے داعشی دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے اور داعشی دہشت گرد اب عام شہریوں کے درمیان روپوش ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ داعشی دہشت گردوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے اور انہیں سانس لینے کی مہلت نہیں دیں گے۔

فلوجہ آپریشن پانچویں ہفتے میں داخل ہوگیا ہے اور عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے شہر کے تقریبا تمام اہم اور مرکزی علاقوں کو داعش کے قبضے سے مکمل آزاد کرالیا ہے۔

عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ فلوجہ کی آزادی کے بعد، داعش کے اہم ترین گڑھ موصل کی جانب عراقی فوج کی پیشقدمی کا راستہ ہموار ہوجائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button