پاکستان

اہلسنت کا نام استعمال کرنیوالی کالعدم تنظیم پر دوبارہ پابندی لگائی جائے، معصوم نقوی

شیعیت نیوز: جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلنت پیر معصوم حسین نقوی نے قبائلی علاقوں میں سیاسی، معاشی اور سماجی اصلاحات کے نفاذ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں شامل کرنے کی جے یو پی حمایت کرتی ہے لیکن یہ اقدام اس خطے کے عوام کے اتفاق رائے کیساتھ ہونا چاہیے، جس کا بہترین طریقہ ریفرنڈم ہے۔ لاہور میں جے یو پی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ انہیں روزگار، تعلیم اور سماجی سیاسی سرگرمیوں کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ انتہا پسند دہشتگرد، دوبارہ قبائلی علاقوں کا رخ نہ کر سکیں، اس کیلئے ضروری ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے، ان علاقوں کو تمام سیاسی جماعتوں کیلئے کھولا جائے، تاکہ ہر جماعت اپنا منشور عوام تک پہنچا کر انہیں اپنا حامی بنائے اور انہیں سیاسی عمل میں شامل کرے تو یہ علاقہ بہت جلد ملک کے باقی حصوں کی طرح تعلیمی اور سیاسی اعتبار سے ترقی یافتہ ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج نے فاٹا کے علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کر دیا ہے تو اب سیاسی جماعتوں اور حکومت کا امتحان ہے کہ وہ ان علاقوں کے مکینوں کو قومی دھارے میں لائیں۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ دہشتگرد تنظیموں کا تعلق خارجی فکر سے ہے، جس کے بارے میں امت مسلمہ پوری طرح آگاہ ہے، نام تبدیل کرکے کام کرنیوالی کالعدم تنظیموں کیخلاف کریک ڈاون کئے بغیر امن بحال کرنا ممکن نہیں، کوئی اہلسنت تنظیم دہشتگرد اور کالعدم نہیں، ایک کالعدم دہشتگرد گروہ اہلسنت کا نام استعمال کر رہا ہے، اس پر پابندی عائد کی جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button