پاکستان

اسلام آباد:بھوک ہڑتال کیمپ تیزی سے ملک گیر عوامی تحریک کی جانب بڑھ رہا ہے

شیعیت نیوزـ : مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری ریاستی اداروں کی چشم پوشی اور ملک بھر میں جاری دہشتگردی کے خلاف اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگا کر اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات کو تسلیم نہیں کر لیا جاتا، وہ یہاں سے اٹھنے والے نہیں ہیں۔ بھوک ہڑتالی کیمپ کو آج 9واں روز مکمل ہوگیا ہے اور علامہ صاحب کی بھوک ہڑتال جاری ہے۔ دوسری جانب ان سے اظہار یکجہتی کرنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے، ابتک جمعیت علماء پاکستان (نیازی گروپ)، پاکستان عوامی تحریک، سنی اتحاد کونسل، جماعت اسلامی، ملی یکجہتی کونسل، ایم کیو ایم، پاکستان پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے وفود سمیت بڑی تعداد میں سماجی و سول سوسائٹی کے نمائندے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کرکے اپنی حمایت کا اعلان کر رہے ہیں۔ بھوک ہڑتالی کیمپ کی خاص بات یہ ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں بھی علامہ ناصر عباس کی بھرپور حمایت کا اعلان کر رہی ہیں، ننکانہ صاحب لاہور سے سکھوں کا خصوصی وفد اسلام آباد کے بھوک ہڑتالی میں کیمپ میں سربراہ ایم ڈبلیو ایم سے اظہار یکجہتی کیلئے آچکا ہے اور اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

داخلی سطح پر اہل تشیع بھی بڑی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر بھوک ہڑتالی کیمپ میں آرہے ہیں اور اپنی حمایت کا اعلان کر رہے ہیں، تنظیموں اور شخصیات کی سطح پر سوائے شیعہ علماء کونسل اور علامہ سید جواد نقوی کے تقریباً تمام چھوٹی بڑی جماعتوں اور تنظیموں نے علامہ ناصر عباس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان، امامیہ آرگنائزیشن پاکستان، ماتمی سنگتیں، ذاکرین عظام، جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کی امام بارگاہوں کے متولیان سمیت دیگر اہم شخصیات اور احباب کی جانب سے مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔ علامہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کے اعلان کے بعد ملک کے تمام بڑے شہروں جن میں لاہور، ملتان، سکھر، حیدر آباد، کراچی، کوئٹہ، سکردو اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر شہروں میں بھوک ہڑتالی کیمپ لگ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بیرون ملک بھی احتجاجی مظاہروں اور بھوک ہڑتالی کیمپ لگنے کا سلسلہ جاری ہے۔ لندن، امریکہ، کینڈا، پرتگال، جینوا سمیت متعدد ملکوں میں اس وقت تک احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ سربراہ مجلس وحدت مسلمین کے مطالبات کو من و عن تسلیم کرے۔

بھوک ہڑتالی کیمپ تیزی کے ساتھ عوامی تحریک کی جانب گامزن ہے، گذشتہ روز جمعہ کو جس طرح نماز جمعہ میں عوام نے اپنی شرکت کو یقینی بنایا، اس سے حکومت کیلئے واضح پیغام ہے کہ وہ اس تحریک سے پہلے ہی علامہ ناصر عباس کے مطالبات پر عمل درآمد شروع کر دے۔ جمعہ کو ایک جم غفیر نے درجہ حرارت 42 ہونے کے باجود اپنی بھرپور شرکت کرکے واضح کر دیا کہ وہ علماء حقہ کے ساتھ ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً پانچ ہزار افراد نے نماز جمعہ میں شرکت کی اور اپنی حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری نے اپنے مطالبات کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاراچنار میں ایف سی اہلکاروں کی دہشتگردی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور فائرنگ کے واقعہ میں ملوث اہلکاروں کو سزائیں دی جائیں، گلگت بلتستان میں شیعہ ڈیموگرافی کی تبدیلی کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا، ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور میں ہونے والی دہشتگردی کے پس پردہ محرکات کی گرفتاری اور کالعدم جماعتوں کے خلاف آپریشن اور ان کی حرکات سکنات پر پابندی لگائی جائے۔ آپریشن ضرب عضب کے تمام نکات پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button