حسینیت فرقہ واریت اور یزیدیت کی نفی ہے، معصوم نقوی
شیعیت نیوز: جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے نواسہ رسول جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت پر عالم اسلام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اہلبیت محمد کی محبت کے بغیر ایمان نامکمل ہے۔ لاہور میں منعقدہ محفل جشن ولادت سے خطاب کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ تمام اسلامی مکاتب فکر عشق مصطفٰی اور مودت اہل بیت کو اساس بنا کر اپنے اختلافات ختم کریں۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین کی تحریک کربلا محض ایک واقعہ نہیں، یہ اسلام کی بقا کی جنگ تھی، جس میں اگرچہ خانوادہ رسول کو شہید کر دیا گیا، مگر یزیدیت کو عبرتناک شکست ہوئی اور آج یزید کا نام لیوا کوئی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امام حسینؑ، سیرت رسول کی جیتی جاگتی تصویر تھے، جو ہمیں اتحاد امت اور وحدت و یگانگت کا درس دیتی ہے، اس پر عمل کرکے ہم سرخرو ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حسینیت فرقہ واریت اور یزیدیت کی نفی ہے کہ ہم اہل بیت کی تعلیمات کو سامنے رکھ کر اپنے اعمال بہتر کرسکتے ہیں۔
پیر معصوم نقوی نے کہا کہ امام حسن و حسین علیہم السلام سے رسول کریم کی محبت کی مثال نہیں ملتی، وہ دونوں شہزادوں کو اپنے کندھوں پر اٹھا کر سیر کرایا کرتے اور کہتے کہ حسینؑ مجھ سے ہے اور میں حسینؑ سے ہوں۔ جس کا مطلب ہے کہ رسول کریم کے بعد شریعت محمدی کو بچانے والے امام عالی مقام ہیں۔ جے یو پی کے سربراہ نے کہا کہ امام عالی مقام کی قربانی نے سیرت رسول کا تحفظ کیا، ورنہ یزید اسلام کی شکل مسخ کرنے کا ناپاک ارادہ کرچکا تھا، جسے کربلا میں خانوادہ رسول نے ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں چلنے والی آزادی کی تحریکیں کردار حسینی سے ہی درس لیتی ہیں کہ امام پاک جیسی استقامت اور جہاد کی مثالی قربانی پہلے کبھی دی گئی اور نہ ہی آئندہ ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام مسلمان اہل بیت سے محبت کرتے ہیں، اس کا دعویدار کوئی ایک فرقہ نہیں، کیونکہ مودت اہل بیت اجر رسالت ہے اور اہل سنت محبت اہل بیت پر فخر کرتے ہیں یہ ہمارے پاس سرمایہ ہے، ہم سے زیادہ اہل بیت سے محبت کرنے والا کوئی نہیں کوئی خارجی ہی ہوگا، جسے اہل بیت محمد سے محبت نہ ہوگی۔








