ایران امریکہ کا مقابلہ کرتا رہے گا،آیت اللہ کاظم صدیقی
اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران کے خطیب نماز جمعہ نے کہا ہے کہ ایران، امریکہ سے کبھی صلح یا سودے بازی نہیں کرے گا۔
تہران کے خطیب نماز جمعہ حجۃ الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے کہا کہ آج امریکہ کا مقابلہ کرنا ایک فریضہ اور درحقیقت فریب، منھ زوری، قتل و بغاوت کا مقابلہ کرنا ہے۔ انھوں نے ایٹمی معاہدے پر امریکہ کے عمل نہ کرنے اور ایران کے سینٹرل بینک کے دو ارب ڈالر ضبط کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر وقار طور پر امریکہ سے اپنے اثاثے واپس لے کے رہے گا۔
تہران کے خطیب نماز جمعہ حجۃ الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے علاقائی اور عالمی سطح پر ایران سے برتی جانے والی دشمنی کا ذکر کرتے ہوئے یوم معلم و مزدور اور ہلال احمر کی قدردانی کی اور کہا کہ اساتذہ اور محنت کشوں کے وقار کا اعلی سطح پر تحفظ کئے جانے کی ضرورت ہے۔
حجۃ الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے یوم بعثت کو انسانوں کی نجات اور جاہلیت کے مقابلے کا دن قرار دیا اور کہا کہ مبعث، تمام اقدار کے احیاء اور تمام تر مظالم کا خاتمہ کئے جانے کا دن ہے۔