پاکستان

ٹرمپ یاد رکھیں کہ پاکستان امریکی کالونی نہیں، وفاقی وزیر داخلہ

شیعیت نیوز: وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ امریکی صدارتی اُمیداوار ڈونلڈ ٹرمپ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں سے ناواقف ہیں، انھیں ایک خود مختار ملک سے متعلق بات کرنے کا سلیقہ سیکھنا چاہیے۔ امریکی صدارتی اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں گرفتار ڈاکٹر شکیل آفریدی سے متعلق فوکس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو پر وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مونگ پھلی کے چند دانوں کے بدلے میں پاکستان کو دھمکایا نہیں جا سکتا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے انٹرویو میں حقائق کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، ڈونلڈ ٹرمپ یاد رکھیں کہ پاکستان امریکی کالونی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شکیل آفریدی کے معاملے پر کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ پاکستانی حکومت کو ڈکٹیٹ کرے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے صدر بن بھی گئے تو وہ شکیل آفریدی کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شکیل آفریدی کے مستقبل کا فیصلہ امریکا کے صدارتی اُمیدوار نہیں پاکستانی عدالتیں کریں گی۔

خیال رہے کہ ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ شکیل آفریدی کو دو منٹ میں پاکستان سے باہر نکال لیں گے۔ انہوں نے یہ بات فوکس نیوز کے میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہی تھی، جس میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ شکیل آفریدی کو آزاد کروائیں گے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ یہ سب کس طرح کریں گے تو انھوں نے کہا کہ میں ان سے کہوں گا کہ اسے چھوڑ دیں اور میں یقین سے کہتا ہوں کہ وہ اسے آزاد کر دیں گے۔  ٹرمپ نے امریکی امداد کو شکیل آفریدی کی رہائی کے معاملے سے جوڑتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کو کثیر امداد دے چکا ہے، اس لئے پاکستان شکیل آفریدی کو رہا کر دے گا۔ واضح رہے کہ امریکی کانگریس نے ایف سولہ طیاروں کی خریداری کے لئے پاکستان کی امداد روکے جانے کے بعد، ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی کے لئے دباؤ ڈالنے کی غرض سے پاکستان کی امداد میں مزید کمی پر غور شروع کر دیا ہے۔ شکیل آفریدی کو اسامہ بن لادن کی تلاش کے لئے امریکا کی معاونت پر پاکستانی عدالت نے 23 سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم انھیں امریکا میں ہیرو قرار دیا جاتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button