یمن

مطالبات پورے ہونے پر مذاکرات میں شرکت کے لئے انصار اللہ کی آمادگی

یمن پر سعودی عرب کے ہوائی حملوں کو بندکرانے اور جنگ بندی کو یقینی بنانے کے لئے اقوام متحدہ کی جانب سے ضمانت ملنے کے بعد یمن کے وفد نےکویت مذاکرات میں شرکت کے لئے اپنی رضامندی ظاہر کر دی۔

المسیرہ ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے ایک ترجمان صالح الصماد نے بدھ کو کہا کہ اقوام متحدہ اور چند ملکوں کے سفیروں کی جانب سے یمن میں جنگ بندی کو یقینی بنانے اور مذاکرات کے طے شدہ ایجنڈے کو اسی شکل میں باقی رکھنے کی ضمانت دیئے جانے کے بعد عوامی تحریک انصار اللہ نے کویت مذاکرات میں شرکت کے لئے آمادگی ظاہر کر دی۔

انصار اللہ کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ یمن کے عوام کو اس بات کا اطمینان رکھنا چاہئے کہ تحریک انصاراللہ ان کے مصائب وآلام کو ختم کرانے، ملک کی خود مختاری اور اقتدار اعلی کے تحفظ اور اپنی عزت و وقار کی حفاظت کے لئے ان کی قربانیوں کا پورا خیال رکھے گی اور اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کرے گی-

انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک یمنی عوام کی قربانیوں اور ملک کے اقتدار اعلی اور خود مختاری پر کسی بھی صورت میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

واضح رہے کہ یمن سے متعلق کویت مذاکرات پیر اٹھارہ اپریل کو ہونے والے تھے لیکن سعودی عرب کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی بنا پر یمن کی عوامی تحریک نے مذاکرات میں یہ کہہ کر شرکت کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ ایک ایسے وقت جب جنگ بندی کی خلاف ورزی ہو رہی ہے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے سوئیزرلینڈ میں بھی یمن سے متعلق مذاکرات ہوئے تھے جن کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button