ایم ڈبلیو ایم کے تین روزہ کنوینش کا آغاز،نئے سیکرئٹری جنرل کا انتخاب بھی کیا جائے گا
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام تین روزہ مرکزی پیام وحدت کنونشن کا آج آغاز ہو رہا ہے ۔جس میں شرکت کے لیے کراچی ،کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک دیگر علاقوں سے تنظیمی کارکنوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔کنونشن 8اپریل تا 10اپریل جامع الصادق جی نائن ٹو اسلام آباد میں ہو گا۔ تنظیمی کارکنان و عہدیدران کے علاوہ ملک بھر سے علما کرام اور نامور مذہبی ،سماجی و سیاسی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔یہ تقریب اس اعتبار سے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل(سربراہ) کی نشست کے لیے انتخاب کا مرحلہ بھی اسی دوران طے ہو گا ۔علامہ ناصر عباس جعفری کی تین سالہ مدت پوری ہوچکی ہے۔ نئے انتخابات کے لیے امیدواروں کے نام کا حتمی اعلان شوری عالی کرے گی۔ پہلے دن کی نشست کا آغاز آج بروز جمعہ شام ساڑھے سات بجے تلاوت کلام پاک سے ہو گا۔اس کے علاوہ نعت رسول مقبول ﷺ، شعرا کا نذرانہ عقیدت اور امامت و لایت کے عنوان سے خطاب تقریب کا حصہ ہوں گے۔دوسرے دن کی تقریبات تین نشستون پر مشتمل ہے جس میں شہید ڈاکٹر علی نقوی کی زندگی پر ڈاکیومینٹری کے علاوہ تنظیم کی علاقائی کارکردگی رپورٹس اور اہم خطابات پیش کیے جائیں گے۔تقریب کے آخری دن بروز اتوار شوری عالی کے سربراہ حاضرین سے خطاب کریں گے ۔اسی دن نئے سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہو گی اور نومنتخب سیکرٹری جنرل کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔جس کے بعد منتخب اعلی عہدیدارکنونشن سے خطاب کریں گے۔کانفرنس کے اختتام پر میڈیا کو بریفنگ دی جائے گی اور مشترکہ اعلامیہ جاری ہو گا۔








