یمن

یمن: توچکا میزائل کا حملہ، سعودی ایجنٹوں کا اڈہ تباہ

 یمن کی فوج اور انصار اللہ سے وابستہ عوامی رضاکار فورس کے میزائل یونٹ نے ایک توچکا میزائل سے الجوف میں سعودی اتحاد کے مسلح افراد کے اڈے پر حملہ کیا۔ المسیرہ نے یمن کے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ میزائل ٹھیک اپنے نشانے پر جا کر لگا۔ جس کے نتیجے میں ستر سے زائد جارح فوجی ہلاک اور ایک سو سے زائد سعودی ایجنٹ زخمی ہو گئے۔

یمن کی فوج اور انصار اللہ کے جوانوں نے پیر کے روز بھی یمن کے مفرور سابق صدر کے حامی مسلح افراد کے ٹھکانے اور صوبہ مآرب میں النصر فوجی اڈے کو "قاہر ایک” میزائل سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا تھا۔

ایک اور رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے سرحدی علاقے الربوعہ میں ایک سعودی شہزادے متعب بن محمد آل سعود کی گاڑی پر دیسی ساختہ دستی بم سے حملہ کر دیا جس سے یہ سعودی شہزادہ زخمی ہو گیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے کئی عرب ممالک کی مدد سے چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس میں اب تک ہزاروں بے گناہ افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جن میں ایک بڑی تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button