مشرق وسطی

شامی فوج کی کارروائی، دہشت گردوں کی خفیہ سرنگ تباہ

سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق شامی فوج کے جوانوں نے لاذقیہ کے شمالی نواحی علاقے کروم خسات اور کوہ القاموع اور الکفر سند کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔ اس کارروائی میں حلب کے نواح میں واقع آثریا خناصر شاہراہ پر سفر کرنے والے داعش دہشت گردوں کی چودہ گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں اور اس میں سوار تمام دہشت گرد مارے گئے۔ شامی فوج نے ایک اور کاروائی کے دوران حماہ اور حمص کے درمیان واقع داعش کی ایک خفیہ سرنگ کا پتہ لگانے کے بعد اسے بھی تہس نہس کر دیا جس میں کم سے کم پینسٹھ داعش دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ شامی فوج نے حمص کے نواحی علاقے میں جاری آپریشن کے دوران دہشت گرد گروہ جبہۃ النصرہ کے اہم اڈے اور داعش کی متعد د گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا۔ شامی فضائیہ نے بھی تاریخی شہر تدمر اور قریتن کے نواحی علاقے تلول السود میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ دوسری جانب ترکی نے دعوی کیا ہے اس نے شام ترکی سرحد عبور کرنے والے بارہ سو سے زیادہ داعش دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ ترک فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق پچھلے چودہ ماہ کے دوران بارہ سو بیس داعش دہشت گردوں کو شام سے ترکی اور یا ترکی سے شام میں داخل ہوتے وقت گرفتار کیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button