حرم امام حسین میں پاکستانی زائرین نے پاکستانی پرچم کے ہمراہ شرکت کی،سلامتی کی دعائیں کی گئیں
شیعیت نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے کربلا امام حسین علیہ سلام کا اربعین منانے گئے ہوئے ۷۰ ہزار سے زائد پاکستانیوں نے شب اربعین حرم امام حسین علیہ سلام میں پاکستانی شناخت کے ساتھ پاکستانی پرچم سربلند کرتے ہوئے تمام پاکستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے امام حسین علیہ سلام کو خراج تحسین پیش کیا۔
شیعیت نیوز کی مانیٹرنگ ٹیم کے مطابق اس منظر کو کربلا چینل پر بھی دیکھا گیا، کربلا چینل حرم امام حسین علیہ سلام کا آفیشل ٹی وی چینل ہے۔
اس موقع پر پاکستان میں ملت جعفریہ کی سیاسی تنظیم مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرئٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ، اور مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال بھی پاکستانی وفد کے ہمراہ حرم امام حسین میں حاضر ہوئے، جبکہ انکے ساتھ دنیا بھر سے آئے ہوئے پاکستانی بھی شامل تھے۔
شیعیت نیوز کی مانیٹرنگ ٹیم جو اربعین امام حسین علیہ سلام کے موقع پر نجف سے کربلا پاپیادہ سفر کی مسلسل مانیٹرنگ میں مصروف تھی اور دنیا بھر کے عزاداروں کو وہاں کی حالات سے باخبر کررہی تھی اسی ٹیم کے ایک رکن نے نیوز ڈیسک کو بتایا کہ نجف سے کربلا پاپیاد سفر کے دوران بھی پاکستانی پرچم کے ہمراہ پاکستانی زائرین سفر عشق کررہے تھے، انکا کاکہنا تھا کہ یہ پاکستانی شیعیوں کی حب وطنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس موقع پر پاکستان کی سلامتی کے لئے امام حسین علیہ سلام سے توسل بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ روان سال اربعین امام حسین علیہ سلام کے موقع پر دنیا بھر سمیت عراق سے 27 ملین زائرین امام حسین علیہ سلام نے کربلا میں امام حسین علیہ سلام کی قبر مطہر پر حاضری دی ۔