مقبوضہ فلسطین

بیت المقدس صیہونیوں کے لئے ایک ڈرونے خواب میں تبدیل ہو چکا ہے۔

فلسطین کی تحریک حماس کے ترجمان حسام بدران نے کہا ہے کہ بیت المقدس شہر اپنے خاص مقام کی وجہ سے غاصب صیہونیوں کے لئے ایک ڈرونا خواب بن چکا ہے اور ان کے تمام اندازے نقش بر آب ثابت ہوئے ہیں۔

ارنا نے فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حسام بدران نے پیر کے دن میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی جیل سے آزادی پانے کے بعد شہید ہونے والے فلسطینی ایمن عباسی کی شہادت اور فلسطینی بچے محمد ابوخضیر کے قاتل کی آزادی کے بعد فلسطینی جوانوں نے صیہونی حکومت کے مظالم کے خلاف جوابی کارروائی کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے اس کی وجہ سے صیہونی حکومت شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہو چکی ہے۔
حسام بدران نے مزید کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں ایمن عباسی کی شہادت انتفاضہ قدس کا دائرہ پھیلنے اور قابضوں کے ساتھ جھڑپوں میں شدت پیدا ہونے کا باعث بنے گی اور فلسطینی جوان صیہونی حکومت کو دندان شکن جواب دیں گے۔
بیت المقدس میں فلسطین کے قومی اور اسلامی گروہوں نے پیر کے دن ایمن عباسی کی شہادت کے خلاف رد عمل کے طور پر اس شہر کے تمام باشندوں سے صیہونی فوجیوں کا مقابلہ کرنے کی اپیل کی۔
مسجد الاقصی اور بیت المقدس سے متعلق صیہونی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف اکتوبر کے آغاز سے مقبوضہ فلسطینی سرزمینوں میں وسیع پیمانے پر احتجاج کیا جا رہا ہے اور صیہونیوں کے خلاف فلسطینیوں کی یہ تحریک انتفاضہ سوم یا انتفاضہ قدس کے نام سے مشہور ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق انتفاضہ سوم یا انتفاضہ قدس کے آغاز سےاب تک ایک سو چھ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button