ایران

دہشتگردوں کے خلاف روس کے اقدامات سے امریکہ اور اس کے اتحادی چراغ پا ہیں

جنرل مسعود جزائری نے ایرانی ٹی وی کے چینل ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں دہشتگرد گروہوں بالخصوص داعش پر روس کی حالیہ کاری ضربوں سے امریکہ، ترکی اور ان کے اتحادی چراغ پا ہیں اور یہی امر شام میں روس کے جنگی طیارے کے مار گرائے جانے کا بنیادی سبب ہے۔

جنرل جزائری نے کہا کہ ترکی نے ایک بڑی غلطی کی ہے اور اگر وہ اپنی غلطی کا تدارک نہیں کرتا ہے تو اسے شدید نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ روس بھی فرعی مسائل میں گرفتار نہ ہونے کی کوشش کرے گا کیونکہ اسے شام اور علاقے میں اہم کام انجام دینے ہیں۔
جنرل جزائری نے کہا کہ ترکی کے ہاتھوں روس کے جنگی طیارے کا مار گرایاجانا گذشتہ پانچ برسوں میں شام میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی شکست کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور مزاحمتی دھڑے ہمیشہ شام کی قوم کےساتھ رہیں گے اور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں اس کی مدد کرتے رہیں گے۔

واضح رہے منگل کو ترکی کے جنگی طیاروں نے شام اورترکی کے سرحدی علاقے میں روس کے سوخوی چوبیس طیارے کو مار گرایا تھا۔ ترک حکام نے کہا ہے کہ اس کے ایف سولہ طیاروں نے روسی جنگی طیارے کو ترکی کی فضائی حدود کی خلاف ورزی  کے بعد باربار وارننگ دی تھی اور اس کے بعد اسے مار گرایا تھا۔ روس نے ترک حکام کے اس دعوے کو مسترد کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button