اہل بیت نبوت کی محبت سرمایہء ایمان ہے،علامہ کوکب نورانی
مولانا اوکاڑویؒاکادمی (العالمی) کے سربراہ خطیب ملّت علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے کہا ہے کہ رسولِ کریم ﷺ کی ازواج واولاد یعنی اہل بیت نبوت کی شان وعظمت خود اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام مقدس میں بیان فرمائی اور ان کی طہارت وپاکیزگی کا بیان فرماکر ان کے لیے کسی منفی یا نامناسب سوچ اور خیال کی بھی گنجائش نہیں رہنے دی اس لیے اہل ایمان پر لازم ہے کہ وہ اہل بیت نبوت کے بارے میں اپنی زبان وقلم کو احتیاط اور ادب وتعظیم کا پابند بنائیں کیونکہ رسول کریم ﷺ کو اذیت پہنچانے والے کے لیے سخت عذاب کا ذکر قرآن کریم میں واضح بیان ہوا ہے۔ وہ جامع مسجد گل زار حبیب میں عشرئہ محرم کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یزید پلید کے لیے کسی رعایت کا خیال کسی مومن کو ہرگز نہیں ہوسکتا کیونکہ حدیث شریف واضح کرتی ہے کہ کسی شقی وبدبخت کی مدح کرنے سے عرش الٰہی لرز جاتا ہے۔ علامہ اوکاڑوی نے کہا کہ اہل بیت نبوت کی محبت سرمایہء ایمان اور ذریعہ نجات ہے اور ان کی گستاخی وبے ادبی دارین میں رسوائی اور بربادی ہے۔ انہوں نے احادیث نبوی پیش کرتے ہوئے کہا کہ حسنین کریمین جمال وکمال کے پیکر ہیں اور ان میں رسول کریم ﷺ ہی کا حسن وجمال اور فضل وکمال ہے اور ان سے اسی کا ظہور ہوا ہے اور نبی کریم ﷺ نے ان کی محبت کو اپنی محبت اور ان سے بغض کو اللہ کے رسول سے بغض فرمایا ہے۔