یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی جنگی طیاروں کی بمباری، متعدد عام شہری شہید اور زخمی
یمن کے مختلف علاقوں پرسعودی جنگی طیاروں کی بمباری میں جمعرات کو بھی متعدد عام شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔
یمنی ذرائع کے مطابق جمعرات کو سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے جنگی طیاروں نے صنعا میں کوہ نقم کے علاقے پر چار بار بمباری کی ۔ اس حملے کے بعد علاقے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ اسی طرح یمن کے جنوب مغربی شہر تعز پر سعودی بمباری میں کم سے کم بارہ عام شہری شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔
دوسری طرف صعدہ میں جمعرات کو سعودی حکومت کا ایک ایف سولہ جنگی طیارہ مار گرایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت کا یہ بمبار طیارہ علاقے پر بمباری کے لئے آیا تھا کہ یمنی افواج کے ایک دستے کی فائرنگ کا نشانہ بن کرتباہ ہوگیا۔ یمن کی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے دستوں نے رہائشی علاقوں پر سعودی بمباری کے جواب میں، خمیس مشیط میں واقع سعودی حکومت کے خالد بن عبدالعزیز ایئر بیس پر ایک میزائل داغا جو صحیح نشانے پر جاکر لگا۔ اس میزائلی حملے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی تفصیلات موصول نہیں ہوسکی ہیں۔
یمنی افواج نے اسی طرح عسیر کے علاقے الربوعہ اور جیزان کے علاقے الخوبہ میں سعودی فوجی مراکز پر حملہ کرکے سعودی فوج کو جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔ ایک اور رپورٹ میں یمنی فوج کے ترجمان شرف لقمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے یمن پر جارحیت میں سعودی حکومت کی مدد کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے، سعودی حکومت کے خمیس مشیط فوجی اڈے میں بھاری مقدار میں میزائل اور بم پہنچائے ہیں۔