یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری
یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ فضائی حملوں میں درجنوں عام شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری طرف یمنی افواج کے جوابی حملے کے بعد عسیر میں ایک فوجی مرکز سے سعودی فوجیوں کے بھاگ جانے کی رپورٹ ہے۔
یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی اتحاد کے تازہ فضائی حملوں میں متعدد عام شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ یمنی ذرائع کے مطابق الخوخہ نامی علاقے میں سعودی بمباری میں پانچ عام شہری شہید اور سترہ زخمی ہوگئے۔ اس حملے میں اٹھائیس رہائشی مکانات تباہ ہوگئے۔
سعودی جنگی طیاروں نے اسی طرح شہر بنی مطر کے علاقے المدور پر تین بار بمباری کی ہے۔ اس بمباری میں بھی متعدد عام شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے بدھ کے روز شہر تعز کے ہوائی اڈے پر پانچ بار بمباری کی ہے۔ اس بمباری میں کم سے کم چار عام شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ کے علاقے ساقین، سویح، کتفا اور شرف الکرب نامی علاقوں پربھی بمباری کی ہے۔ ان حملوں میں بھی متعدد عام شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیارے عام طور پر رہائشی علاقوں پر ہی بمباری کرتے ہیں۔
اسی کے ساتھ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کے سرحدی صوبے ظہران کے علاقے عسیر میں سعودی فوجیوں کے ایک مرکز پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی تفصیل معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حملے کے بعد سعودی فوجی اس مرکز کو چھوڑ کر بھاگ گئے۔