پاکستان

ای سی ایل میں سے 59 ہزار افراد کا نکالا جانا خوش آئند ہے، علامہ ساجد نقوی

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ کی طرح امن پسند افراد کے نام فورتھ شیڈول میں سے بھی خارج کئے جائیں۔ میڈیا کو جاری بیان میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے 59 ہزار افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دینے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے، کہ اس سے عوام کی زندگیوں میں آسانی پیدا ہوگی اور لوگ سکون کا سانس لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کا بیان اچھا ہے، البتہ انہیں جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے سرکاری ریفرنس کے مسترد ہونے کے فیصلے کے بعد عوام میں مسلمہ پُرامن اور قانون پسند تنظیم کو دہشت گرد تنظیموں کی لسٹ سے خارج کرنے کا بھی اعلان کرنا چاہیے۔ انتظامیہ کی جانب سے بیلنس پالیسی کے ظالمانہ نظام کے تحت معاشرے کے شریف، محب وطن، عزت دار اور شریف جماعت جن کا معاشرے میں معزز مقام ہے اور وہ کسی بھی قسم کی منفی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں، ان کو دہشت گردی کے زمرے سے نکالا جائے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ جن افراد کے ناموں کو فورتھ شیڈول لسٹ میں تین سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور ان افراد کے خلاف کسی غیر قانونی کام میں ملوث ہونے کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں اور ان کا ریکارڈ بھی اچھا ہے، ان کے نام بھی فوراً فورتھ شیڈول لسٹ سے خارج کئے جائیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button