پاکستان

حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے ممبر پارلیمنٹ نوار ساحلی کی مشاہد حسین سید سے ملاقات

قومی اسمبلی آف پاکستان کی دعوت پر اسلام آبادمیں اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے حزب اللہ سے تعلق رکھنے والے لبنان کی پارلیمنٹ کے ممبر نوار ساحلی نے مسلم لیگ قاف کے سیکرٹری جنرل و سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین مشاہد حسین سید سے ملاقات کی ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں فلسطین فاونڈیشن کے ترجمان صابر کربلائی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مشاہد حسین سید نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔ مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ حقیقی مقاومت کی جماعت کے رکن پارلیمنٹ او آئی سی کی پارلیمانی یونین کے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان تشریف لائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اور حماس ہی وہ واحد جماعتیں ہیں جنہوں نے اسرائیل کے دانت کھٹے کیے ہیں اور عبرت ناک شکست دیکر اُمت کا سربلند کیا ہے۔ مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر دنیا میں امن نہیں لایا جا سکتا۔ قابضین کیخلاف امت کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر نوار ساحلی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا یمن کے معاملے پر بہت اہم رول رہا ہے اور یہی رول پوری امت کو ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button