تسلط پسند اور جارح طاقتوں کی اقوام عالم کے خلاف سازشیں .آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای
غیزستان کے صدر الماس بیگ آتام بایوف نے کل رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی، اسلامی اور علاقائی ممالک کے درمیان مستحکم اور ہمہ گیر رشتوں اور تعلقات میں توسیع کی بنیاد پر استوار ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں منہ زور طاقتوں کی تسلط پسندی کی مخالفت کو ایک الہی اور اسلامی اصول قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ تسلط پسند اور جارح طاقتیں ہمیشہ دنیا کی اقوام کے خلاف سازشیں کرتی رہتی ہیں لیکن اسلام، مسلمان اقوام کی عزت کا خواہاں ہے اور بڑی طاقتوں کا مقابلہ کرنے اور ان کے شرّ کو دور کرنے کا واحد طریقہ اسلامی ممالک کی استقامت اور ان کے باہمی تعلقات کی تقویت ہے۔
کرغیزستان کے صدر نے بھی اس ملاقات میں مناس کے علاقے میں امریکی فوجی اڈے کو بند اور اس کے ساتھ باہمی تعاون کا سمجھوتہ منسوخ کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کسی بھی ملک کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ اپنے آپ کو دوسروں سے بالاتر سمجھے اور دوسرے ممالک پر ظالمانہ پابندیاں عائد کرے۔