پاکستان

علامہ ساجد نقوی کا نام فورتھ شیڈول میں ڈالنا افسوسناک ہے، علامہ ناصر عباس

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اگر نون لیگ نے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ بند نہ کی تو جیل بھرو تحریک چلائیں گے۔ ہم پرامن لوگ ہیں، بزرگ عالم دین علامہ سید ساجد علی نقوی کو فورتھ شیڈول میں ڈال دیا گیا ہے جو کہ افسوس کی بات ہے، ہم جلوس اور عزاداری پر قدغن برداشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں امام بارگاہ گلستان زہراء میں علامہ حافظ کفایت حسین مرحوم کی زوجہ کی رسم قل کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتہائی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں، صوبائی حکومتیں خصوصاً وفاقی اور پنجاب حکومت ضرب عضب آپریشن کو صحیح سمت میں سپورٹ نہیں کر رہیں، نیشنل ایکشن پلان پر جس طرح عملدرآمد ہونا چاہیے تھا، اس طرح نہیں ہو رہا، سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہماری نسل کشی ہوئی، اس کے باوجود ہم پر ہی ظلم ہو رہا ہے، کسی جرم کے بغیر ہی ہمارے لوگوں کو 90 روز کے لئے بند کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں ظلم نہیں ہو رہا، صرف جہاں نون لیگ کی حکومت ہے، وہاں ہی ہم پر ظلم ہو رہا ہے۔ حکمران ان قوتوں کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں جو قوت ضرب عضب آپریشن میں مصروف ہے۔ ہمارے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی پر قتل کا جھوٹا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ بے گناہ افراد کو پکڑ کر بند کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے خود کو نہ بدلا تو ہم تحریک کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، اس وطن کے شجاع اور شیر دل بیٹے اس بزدل دشمن کو نشان عبرت بنانے کے لئے تیار ہیں، انڈیا اپنے پالتو دہشت گرد طالبان، لشکر جھنگوی اور تکفیری عناصر کی شکست سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے، پاکستانی انشاءاللہ دشمن قوتوں کی تمام تر سازش کو خاک میں ملا کر دم لیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button