پاکستان

9اگست وفاقی دارالحکومت میں عارف حسین الحسینی کی برسی کی مناسبت سے جلسہ منعقد کیا جائے گا۔علامہ احمد اقبال

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال نے کہا ہے کہ شیعہ سنی وحدت ہی ملکی استحکام اور سا لمیت کی ضامن ہے ۔یہ دونوں پاکستان کی وہ پُرامن طاقتیں ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی سربلندی اور تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔جو قوتیں قیامِ پاکستان سے قبل ارض پاک کی مخالف تھیں آج انہی کے نظریات کو بنیاد بنا کرملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کی مناسبت سے جاری وحدت ہاؤس کراچی سے اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کی فکری تربیت کے ادارے ملک دشمن سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ شیعہ سنی اتحاد و یگانگت کے ہتھیار سے انہیں شکست دینا ہو گی۔ شہید قائد عارف حسین الحسینی ملک میں شیعہ سنی اخوت کے داعی تھے۔ انہوں نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ ہمارے عقیدے اور نسلوں کی بقا ہمارے وطن عزیز کی سلامتی سے مشروط ہے اورہم نے اپنے آپ کو اس کے دفاع کے لیے وقف کرنا ہے۔ انہیں صیہونی و نصرانی طاقتوں نے اپنے گماشتوں کے ذریعے اپنے مفادات کی تکمیل کے لیے شہید کروا دیا۔ آج وہی یہود و نصاری پاکستان میں طالبانی و داعشی قوتوں کی سرپرستی کر رہے ہیں تا کہ ملک میں بد امنی پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد کو پروان چڑھا سکیں۔ ہم نے شہید حسینی کی تعلیمات کو مشعل راہ بنا کر ان عناصر کوناکام بنانا ہے۔ شہید قائد کو ہم سے جدا ہوئے ستائیس سال گزر گئے ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ آٹھ سالوں سے وفاقی دارالحکومت میں قائد شہید کی برسی نہایت عقیدت و احترام سے منائی جاتی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے اس برسی کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔نو اگست کو اس برسی کے جلسہ میں شرکت کرنے کے لیے ملک بھر سے شیعہ سنی علما کرام کی بڑی تعداد کے علاوہ ایک لاکھ سے زائد افرادکی آمد متوقع ہے۔پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ برسی سے ایک دن قبل شروع ہو جائے گا۔ اسلام آباد انتظامیہ کو اس کی باقاعدہ اطلاع دی جا چکی ہے تاکہ وفاقی پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔علامہ احمد اقبال نے کہا کہ برسی کی تقریب سہ پہر تین بجے سے رات دس بجے تک جاری رہے گی ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button