پاکستان

یوحنا آباد دھماکوں کا منصوبہ رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں بنا، شجاع خانزادہ

پنجاب کے وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کا کہنا ہے کہ سانحہ یوحنا آباد میں ملوث 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ ملزمان کا تعلق وزیرستان سے ہے اور بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی را ان کی پشت پناہی کر رہی تھی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حملے میں استعمال ہونے والا بارود رکشہ میں رکھ کر یوحنا آباد لایا گیا جبکہ یوحنا آباد چرچز میں ہونے والے خودکش حملوں کی منصوبہ بندی رائے میں تبلیغی اجتماع میں بیٹھ کر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا بہت بڑا نیٹ ورک توڑ دیا ہے جس کے بعد پنجاب میں دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ شجاع خانزادہ نے کہا کہ تبلیغی سنٹر رائے ونڈ میں بائیو میٹرک سسٹم نصب کیا جا رہا ہے جس سے وہاں آنے والے ہر شخص کا ڈیٹا حکومت کے پاس آ جائے گا یوں دہشت گردی کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔

یاد رہے کہ گذشتہ دونوں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے 5 ملزمان کو حراست میں لیا گیا تھا۔ ملزمان کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ یوحنا آباد کے کریس اور رومن کیتھولک چرچز میں رواں سال ہونے والے دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 5 ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور ڈیٹونیٹرز بھی برآمد ہوئے۔ یاد رہے کہ رواں سال لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں دو چرچز پر ہونے والے دھماکوں میں 15 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہو گئے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button